واشنگٹن: امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے روسی تیل خریدنے والے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "سستا روسی تیل خریدنا اب پہلے جیسا آسان نہیں رہا۔" انہوں نے بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کے امریکی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو ممالک پیوٹن کا تیل خرید رہے ہیں، انہیں امریکی معیشت تک بغیر رکاوٹ رسائی حاصل نہیں ہو سکے گی۔
سینیٹر گراہم کا کہنا تھایہ وقت فیصلہ کن ہے۔ اگر کوئی روسی تیل خرید کر جنگی مشین کو سہارا دے رہا ہے تو پھر وہ خود کو ہی موردِ الزام سمجھے۔"
انہوں نے کہا کہ امریکی منڈی تک رسائی کسی کو بلا قیمت نہیں دی جا سکتی، خاص طور پر ان ممالک کو جو روس کو بالواسطہ سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ سینیٹر کا بیان امریکا کی روس مخالف معاشی پالیسیوں میں سختی کی جانب اشارہ ہے، جس کا براہِ راست اثر بھارت جیسے بڑے تیل خریدار ممالک پر پڑ سکتا ہے۔
یہ موقف عالمی سطح پر توانائی کی سیاست اور معاشی اتحادوں میں نئی کشیدگی کو جنم دے سکتا ہے۔