پنجاب میں کرایوں کے مسائل حل کرنے کے لیے فری ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

10:49 PM, 7 Apr, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ان 17 اضلاع جہاں عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں وہاں مفت سفری سہولت فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹ نظام اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں مفت ٹرانسپورٹ سروس کو بطور آزمائشی منصوبہ (پائلٹ پراجیکٹ) شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں حکام نے تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے ٹرانسپورٹ کرایوں پر اثرات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور مختلف دالوں سمیت 23 بنیادی اشیائے خورونوش کی موجودہ قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں آٹا سندھ سے 427 روپے، خیبرپختونخوا سے 823 روپے اور بلوچستان سے 790 روپے سستا دستیاب ہے۔ اسی طرح بیشتر پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں بھی دیگر صوبوں کی نسبت کم ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب پرائس کنٹرول اتھارٹی (پیرا) کو ہدایت دی کہ وہ صوبے بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین اور فی کلومیٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کے نظام کے بارے میں 24 گھنٹوں کے اندر جامع رپورٹ پیش کرے۔

اجلاس میں متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ شجرکاری مہم کو تیز کیا جائے، کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے اقدامات کیے جائیں، زیبرا کراسنگ، اسٹریٹ لائٹس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال بہتر بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کھلے نالوں اور نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث ہونے والی اموات پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں غیر محفوظ جوہڑ یا خطرناک نکاسی آب کے مقامات پائے گئے تو اسے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی کارکردگی میں کوتاہی تصور کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ صوبے میں جاری تمام اپ گریڈیشن اور خوبصورتی کے منصوبے جون تک مکمل کیے جائیں۔

مزیدخبریں