کہاں اسلامی ممالک میں انقلاب برآمدکرنے کے دھندے اور کہاں اس قدر سکوت، 47 برس میں ایران کا وہ نقصان نہیں ہوا، جو صرف 40 دن میں ہو چکا۔ ابتلا اور آزمائش سے کسی کو مفر نہیں۔ مگر قیادت وہی ہوتی ہے، جو دور اندیش فیصلے کرے نہ کہ شتر مرغ کی طرح ریت میں سر دبائے رکھے۔ زندگی ہمیشہ سوال اٹھاتی اور جواب طلب کرتی ہے۔ ایرانی قیادت سے بھی ایرانی عوام کو سوال کرنے کا حق حاصل ہے۔
28 فروری سے شروع ہونے والی جنگ دوسرے مہینے میں داخل ہو چکی، ایرانی مرکزی سیاسی و عسکری قیادت نشانہ بن چکی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی ”آخری وارننگ“ نے عالمی سیاست میں ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
اگر ہم تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ محض ایک سفارتی بیان نہیں بلکہ ایک ایسا اشارہ ہے، جس کے بعد اکثر جنگ، حملہ یا براہِ راست مداخلت دیکھنے میں آئی ہے۔ سفارتی اصطلاح میں ”حتمی انتباہ“ یا الٹی میٹم ایک ایسا مطالبہ ہوتا ہے، جس میں ایک ملک دوسرے کو محدود وقت دیتا ہے کہ وہ مخصوص شرائط مان لے، بصورتِ دیگر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر دیکھا جائے توامریکی تاریخ ایسے کئی واقعات سے بھری پڑی ہے، جہاں اس نے آخری وارننگ دی اور پھر عسکری کارروائی شروع کر دی۔
1898 میں سپین کے خلاف امریکی رویہ اس کی ایک واضح مثال ہے۔ کیوبا میں ہسپانوی قبضے کے خلاف بغاوت جاری تھی اور امریکہ کھل کر باغیوں کی حمایت کر رہا تھا۔ جب امریکی جنگی جہاز ”یو ایس ایس مین“ ہوانا بندرگاہ میں دھماکے سے تباہ ہوا تو امریکی عوام نے اس کا الزام سپین پر عائد کیا۔ جب کشیدگی بڑھی تو صدر ولیم میک کنلی نے سپین سے کیوبا چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے بھی اس کی توثیق کی، جو دراصل ایک حتمی انتباہ تھا۔ جب سپین نے انکار کیا تو امریکہ نے جنگ چھیڑ دی۔ نتیجتاً سپین کو کیوبا، فلپائن، پورٹو ریکو اور گوام جیسے اہم علاقے کھونا پڑے۔
1914 میں میکسیکو کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ تامپیکو کی بندرگاہ پر چند امریکی ملاحوں کی عارضی گرفتاری کو امریکہ نے بہانہ بنایا اور میکسیکو سے باضابطہ معافی کا مطالبہ کیا۔ میکسیکو کے صدر وکٹوریانو ہویرتا نے اسے قومی توہین قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ جواباً امریکہ نے ویراکروز پر فوجی حملہ کر کے قبضہ کر لیا، جو کئی ماہ تک جاری رہا۔ یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ امریکہ اپنی ”عزت“ یا ”مفادات“ کے نام پر کس حد تک جا سکتا ہے۔
پہلی جنگ عظیم کے دوران جرمنی کے خلاف امریکی انتباہ بھی تاریخ کا اہم موڑ تھا۔ جب جرمن آبدوزوں نے برطانوی جہاز ”لوسیٹینیا“ کو ڈبو دیا اور اس میں 128 امریکی شہری ہلاک ہوئے تو صدر ووڈرو ولسن نے جرمنی کو سخت وارننگ دی کہ وہ شہری جہازوں کو نشانہ بنانا بند کرے۔ جرمنی نے وقتی طور پر پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیا، لیکن 1917 میں دوبارہ آبدوز جنگ شروع کر دی۔ جس کے بعدامریکہ جنگ میں کود پڑا اور بالآخر جرمنی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جنگِ عظیم سے قبل جاپان کے خلاف ”وثیقہ ہل“ یا ہل نوٹ ایک فیصلہ کن موڑ تھا۔ نومبر 1941 میں امریکہ نے جاپان سے مطالبہ کیا کہ وہ چین اور انڈوچائنا سے اپنی افواج واپس بلائے اور اپنی توسیع پسندانہ پالیسی ترک کرے۔ جاپان نے اسے ایک حتمی انتباہ سمجھا اور مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔ اس کے جواب میں جاپان نے 7 دسمبر 1941 کو پرل ہاربر پر حملہ کر دیا، جس کے بعد امریکہ باضابطہ طور پر جنگ میں شامل ہو گیا۔ اس کے بعد جاپان کو شدید عسکری دباو¿ کا سامنا کرنا پڑا۔ 1945 میں اتحادی طاقتوں نے جاپان کو ”اعلانِ پوٹسڈیم“ کے ذریعے آخری وارننگ دی کہ وہ غیر مشروط ہتھیار ڈال دے۔ جاپان نے اس پر فوری ردعمل نہ دیا، جس کے بعد امریکہ نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا دئیے۔ یہ تاریخ کا سب سے ہولناک انجام تھا، جس نے لاکھوں جانیں لے لیں اور جاپان کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔
ان تمام مثالوں سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ امریکہ کی ”آخری وارننگ“ محض الفاظ نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے طاقت کا عملی استعمال چھپا ہوتا ہے۔ چاہے وہ سپین ہو، میکسیکو، جرمنی یا جاپان ہر جگہ انتباہ کے بعد عسکری کارروائی ہوئی اور متعلقہ ملک کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اب اگر موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ایران کے خلاف امریکی حکمتِ عملی بھی کچھ مختلف نظر نہیں آتی۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے دی گئی حالیہ وارننگ ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب خطہ پہلے ہی جنگ کی لپیٹ میں ہے۔ ایرانی قیادت کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
یہ سوال اہم ہے کہ کیا ایران بھی ماضی کے ممالک کی طرح اس وارننگ کو نظر انداز کرے گا یا کوئی درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کرے گا؟ ایران کی تاریخ بتاتی ہے کہ وہ دباو¿ کے سامنے جھکنے کے بجائے مزاحمت کو ترجیح دیتا ہے۔ لیکن موجودہ حالات میں اس کے لیے یہ فیصلہ آسان نہیں ہو گا، کیونکہ امریکہ کی عسکری برتری اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسی ایک بڑا چیلنج ہیں۔ دوسری طرف اگر امریکہ اپنی روایت کے مطابق اس وارننگ کے بعد عملی کارروائی کی طرف بڑھتا ہے تو یہ صرف ایران یا آبنائے ہرمز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ تیل کی سپلائی، عالمی معیشت اور علاقائی استحکام سب خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔
تاریخ یہی بتاتی ہے، جب بھی امریکہ نے ”آخری وارننگ“ دی، اس کے بعد حالات مزید خراب ہوئے اور جنگ کا دروازہ کھل گیا۔ آج ایران کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی منظرنامہ بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ آنے والے دن فیصلہ کریں گے کہ یہ ”وارننگ“ صرف دباو¿ ڈالنے کا حربہ تھی یا ایک نئی جنگ کا پیش خیمہ۔ آخر میں مجھے یہی گمان ہوتا ہے۔ شاید ایران اپنے ہاتھوں اپنی قبر خود کھود رہا ہے۔
امریکی ”آخری وارننگز“کی تاریخ
09:04 AM, 8 Apr, 2026