اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کیا ہے جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ کی طرح سعودی عرب کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع پاکستان کے لیے مقدم ہے۔ پاکستانی قوم اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں ایک سچے بھائی کا کردار ادا کیا ہے، اور آج پاکستان بھی سعودی عرب کی حمایت میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ شہباز شریف نے ولی عہد کو بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور کسی بھی ایسی صورتحال کی مخالفت کرتا ہے جو برادر ملک سعودی عرب کے امن میں خلل ڈالے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
"سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا"، وزیراعظم شہباز شریف کا ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ
07:38 PM, 7 Apr, 2026