اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ترکیہ کے وائس چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگُن سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اس شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
انہوں نے دفاع، عسکری تربیت اور دفاعی صنعت میں بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس تعاون سے دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہو رہی ہیں اور باہمی اعتماد مزید بڑھ رہا ہے۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ پاک-ترکی دفاعی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔