اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران قانونی اور عدالتی نظام میں جدید اصلاحات پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترکیہ برادرانہ تعلقات اب ایک جامع معاشی شراکت داری کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو انصاف کی جلد فراہمی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو عدالتی کارروائیوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانونی ڈھانچے اور انتظامی امور میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ماہرین کا تبادلہ دونوں ملکوں کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر نے پاکستان میں اپنے وفد کے شاندار استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عدالتی اور قانونی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات جامع معاشی شراکت داری میں بدل رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
01:38 PM, 7 Apr, 2026