سٹاک مارکیٹ میں 'بیئرز' کا راج: ہنڈرڈ انڈیکس 1534 پوائنٹس لوز کر گیا، سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ

11:16 AM, 7 Apr, 2026

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں آج کاروباری ہفتے کے دوران شدید مندی کا رجحاب غالب رہا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار کی اہم ترین حد برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔ مارکیٹ میں اچانک آنے والے فروخت کے دباؤ نے سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے۔
    کاروبار کے دوران انڈیکس میں 1,534 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ انڈیکس گزشتہ روز کے 1,51,207 کے مقابلے میں گر کر 1,49,673 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ انڈیکس کے ڈیڑھ لاکھ کی سطح سے نیچے آنے کو تجزیہ کار مارکیٹ کے لیے ایک اہم موڑ قرار دے رہے ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اس مندی کی بڑی وجہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی صورتحال ہے، جس کی وجہ سے مقامی سرمایہ کاروں نے حصص کی خریداری کے بجائے 'منافع خوری' کو ترجیح دی۔ اس کے علاوہ بڑے سرمایہ کاروں کی جانب سے پوزیشنز کم کرنے کے باعث بھی انڈیکس پر دباؤ بڑھا ہے۔
مارکیٹ میں جاری اس مندی سے چھوٹے سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ موجودہ صورتحال میں جب تک مارکیٹ کسی ایک سطح پر مستحکم نہیں ہو جاتی، سرمایہ کاروں کو نئی سرمایہ کاری میں احتیاط برتنی چاہیے۔

مزیدخبریں