لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کسان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو 15 اپریل تک مطالبات تسلیم کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ اگر حکومت نے کسانوں کے مسائل حل نہ کیے تو لاہور میں احتجاج کیا جائے گا اور اس کے بعد اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا، جہاں دھرنے کا امکان بھی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جھوٹے دعوؤں سے کسانوں کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اشرافیہ عوام کے مسائل کو سمجھنے کے بجائے اعداد و شمار کے ذریعے انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ حکومت گندم کے نرخ 4 ہزار روپے فی من مقرر کرے تاکہ کسانوں کو مناسب معاوضہ ملے اور عوام کو سستی روٹی ملے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں، بلکہ پورے پاکستان کا ہے، کیونکہ زرعی معیشت اور فوڈ سیکیورٹی کا معاملہ ہے۔