نومبر دسمبر میں سٹار لنک کی سروسز پاکستان میں متعارف ہوں گی، شزہ فاطمہ

06:56 PM, 7 Apr, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سٹار لنک کی سروسز نومبر یا دسمبر 2025 میں دستیاب ہو جائیں گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے سٹار لنک کے لائسنس کی صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ سٹار لنک کو عارضی لائسنس دے دیا گیا ہے، تاہم مکمل لائسنس ریگولیشنز کی تکمیل کے بعد دیا جائے گا۔

شزہ فاطمہ نے کمیٹی کو بتایا کہ سٹار لنک کے لائسنس کے معاملے میں کوئی پیچیدگیاں نہیں ہیں۔ یہ نئی ٹیکنالوجی ہے اور اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ریگولیشنز فائنل ہونے کے بعد سٹار لنک دوبارہ درخواست دے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین کی ایک کمپنی "شنگھائی سپیس کام" نے بھی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی سہولت کے لیے درخواست دی ہے، اور حکومت کا مقصد ہے کہ مختلف کمپنیاں آئیں تاکہ اس شعبے میں مقابلہ بڑھے اور صارفین کو بہترین سروسز ملیں۔

مزیدخبریں