پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی جانب ایک اور قدم: 1500 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ منظور

03:32 PM, 7 Apr, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں 1500 الیکٹرک بسوں کے پروجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کروانا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 380 الیکٹرک بسوں کی خریداری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا اور لاہور و گوجرانوالہ میں بسوں کی سروس فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور اور گوجرانوالہ میں بس سروس کے آغاز کے لیے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کی۔

فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروسز شروع کرنے کے فیصلے کے مطابق، سمندری روڈ سے سرگودھا روڈ تک اور جڑانوالہ سے جھنگ روڈ تک بس سروسز متعارف کرائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ نے لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس ٹریک کی منصوبہ بندی کے لیے 15 روز کی مہلت دی اور چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے پلان طلب کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پنجاب کے ہر شہر میں شاندار اور جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم ہو تاکہ عوام کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

مزیدخبریں