بیجنگ: پاکستان اور چین نے زرعی شعبے میں چار ارب ڈالر مالیت کے متعدد معاہدوں پر دستخط کر کے دونوں ممالک کے زرعی تعاون کو فروغ دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے بیجنگ میں چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی، جہاں تقریباً 24 معاہدے طے پا گئے۔
رانا تنویر حسین نے پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی زرعی مصنوعات کو چین کی وسیع درآمدی منڈی میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ معاہدے زرعی مشینری، جدید بیج، اور سمارٹ ایگریکلچر کی ترقی کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گے، جس سے پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس تعاون سے پاکستان کا غذائی تحفظ مضبوط ہوگا اور زرعی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین کی 215 ارب ڈالر کی زرعی درآمدی منڈی پاکستان کے لیے زبردست تجارتی مواقع پیش کرتی ہے اور پاکستان معیاری اور سستی زرعی اشیاء فراہم کرکے اس منڈی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔