دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، مظفر گڑھ، جھنگ اور خانیوال کے دیہات زیرِ آب

10:36 AM, 6 Sep, 2025

لاہور : دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب داخل ہو گیا ہے جس کے باعث جنوبی پنجاب کے اضلاع مظفر گڑھ، جھنگ اور خانیوال کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دو آبہ اور شیر شاہ فلڈ بند کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، جبکہ کئی دیہات سے انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج اور راوی میں بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 53 ہزار کیوسک، ہیڈ بلوکی پر 1 لاکھ 57 ہزار کیوسک، اور بورے والا جملیرا کے مقام پر 1 لاکھ 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر مظفر گڑھ اور ڈی جی خان کے درمیان قومی شاہراہ کا ایک حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ محمد والا کی نواحی آبادیوں میں پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ نور والا ریلیف کیمپ میں متاثرین چارہ، دواؤں اور خیموں کی کمی کی شکایت کر رہے ہیں۔

دریائے سندھ پر بھی پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔ گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد بالترتیب 3 لاکھ 60 ہزار، 3 لاکھ 29 ہزار اور 2 لاکھ 37 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں