اسلام آباد / لاہور / کراچی / پشاور / کوئٹہ : ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
نمازِ فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں جن میں ملکی ترقی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر تمام شہروں میں عمارتوں، گلیوں اور سڑکوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ محافلِ میلاد، جلوس اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد جاری ہے، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے لنگر اور نیاز کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔