غزہ میں امید کی کرن روشن، فلسطینی ریاست قائم ہو کر رہے گی: وزیر دفاع خواجہ آصف

07:52 PM, 6 Oct, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری ظلم و ستم کے باوجود امید کی روشنی نظر آ رہی ہے، اور فلسطینیوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ امور ابھی حتمی مراحل میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صورتحال واضح ہو کر سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے، اور دنیا پر لازم ہے کہ فلسطین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے حق میں مظاہرے اس بات کی علامت ہیں کہ آزاد فلسطینی ریاست وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین پر آزادی سے جینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نے پہلے بھی جارحیت کی کوشش کی اور عالمی سطح پر رسوائی اٹھائی۔ اگر بھارت دوبارہ ایسی کوئی حرکت کرے گا تو اس بار اسے پہلے سے زیادہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اندرونی سیاسی حالات ایسے اقدامات کی وجہ بن رہے ہیں۔

مزیدخبریں