کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، خصوصاً سیاحت، آئی ٹی، ٹیکنالوجی، اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں۔ کوالالمپور میں پاک-ملائیشیا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کی کمپنیاں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک سے ترقی حاصل کر سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کا اصل کام کاروبار کے لیے سہولتیں فراہم کرنا ہے، نہ کہ خود کاروبار کرنا۔ اُنہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھے اور معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے گی۔
اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کے لیے ملائیشیا کے دروازے کھلے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری روابط مزید مضبوط ہوں۔
انور ابراہیم نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔