لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات سے مخالفین کو شدید تکلیف ہو رہی ہے اور سیلاب متاثرین کے خلاف ایک منصوبہ بند مہم چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کی جانب سے بار بار پریس کانفرنسز کو "سیاست کے سوا کچھ نہیں" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جب پنجاب پر مشکل وقت آیا تو کچھ عناصر نے سیاست کو ترجیح دی۔ مریم نواز شریف کے دباؤ کے باعث مخالفین اتوار کو بھی آرام نہیں کرتے۔ پیپلزپارٹی ہر موقع پر مبالغہ آرائی کرتی ہے، ہم بھی کہتے ہیں کہ ‘مرسو مرسو پانی نہ دیسوں’۔"
عظمیٰ بخاری نے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے مناظرے کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ "آئیں، سامنے بیٹھ کر بات کریں۔ کاش مرتضیٰ وہاب کراچی کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور امن و امان کے مسائل پر بھی اتنے ہی فکر مند ہوتے۔"
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ ملک کے دیگر علاقوں کی مدد کی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے، جسے سب کو تسلیم کرنا چاہیے۔