برطانیہ کے جنوبی ساحلی قصبے پیس ہیون میں جنونی افراد نےمسجد کو آگ لگا دی

10:20 AM, 6 Oct, 2025

پیس ہیون : برطانیہ کے جنوبی ساحلی علاقے پیس ہیون میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو نقاب پوش افراد نے ایک مسجد کو جان بوجھ کر آگ لگا دی۔ واقعے کے وقت مسجد کے اندر دو افراد موجود تھے، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے، تاہم مسجد کے داخلی دروازے اور سیڑھیوں کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق یہ حملہ نفرت پر مبنی جرم ہے اور اس کی مکمل تفتیش جاری ہے۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق حملہ رات تقریباً دس بجے ہوا، جب دو نامعلوم افراد مسجد کے مرکزی دروازے کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اندر داخل نہ ہو سکنے پر انہوں نے دروازے اور سیڑھیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ اس وقت مسجد کے چیئرمین اور ایک بزرگ نمازی عشاء کی نماز کے بعد اندر موجود تھے۔

چیئرمین نے بتایا "ہم چائے پی رہے تھے کہ ایک زور دار دھماکہ سنائی دیا، باہر نکلے تو دیکھا دروازے کو آگ لگی ہوئی ہے۔ ہم فوراً باہر نکلے اور مدد کے لیے آوازیں لگائیں۔"واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم کمیونٹی میں شدید خوف اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، برطانیہ میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف حملوں میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی لگتا ہے۔

مقامی مسلم کمیونٹی نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حملوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ شہری حقوق کی تنظیموں نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں