ارباز خان 57 برس کی عمر میں دوبارہ باپ بن گئے

02:22 PM, 6 Oct, 2025

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور پروڈیوسر ارباز خان 57 سال کی عمر میں دوبارہ باپ بن گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ شورا خان نے ممبئی کے ایک ہسپتال میں ایک بیٹی کو جنم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، شورا خان کو گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا، جہاں ارباز خان ہر وقت ان کے ساتھ موجود رہے۔ ہسپتال میں داخلے کے وقت کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ارباز خان کو اہلیہ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ خوشخبری شادی کے تقریباً 9 ماہ بعد سامنے آئی ہے۔ یاد رہے کہ ارباز خان اور شورا خان کی شادی 24 دسمبر 2023 کو ممبئی میں ان کی بہن ارپتا خان کے گھر پر سادگی سے ہوئی تھی، جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور دوست شریک ہوئے تھے۔شادی کے بعد ایک انٹرویو میں ارباز خان نے بتایا تھا کہ وہ اور شورا جلد والدین بننے والے ہیں۔

ارباز خان کے لیے یہ دوسری بار باپ بننے کا موقع ہے۔ ان کی پہلی شادی اداکارہ ملائکہ اروڑا سے 1998 میں ہوئی تھی، جو 2017 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ اس رشتے سے ان کے ایک بیٹے ارہان خان ہیں، جن کی عمر اس وقت 22 سال ہے۔ماں اور بیٹی دونوں صحت مند ہیں، جب کہ مداح ارباز اور شورا کو اس نئے سفر کے آغاز پر مبارکبادیں دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں