واٹس ایپ پر جلد یوزر نیم کا نیا فیچر آنے والا ہے، فون نمبر کی جگہ یوزر نیم سے رابطہ ممکن ہوگا

04:28 PM, 6 Oct, 2025

کیلیفورنیا : اب تک واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس ان کے فون نمبروں سے جُڑے ہوتے ہیں، لیکن اب میٹا کمپنی واٹس ایپ میں یوزر نیم کا نیا فیچر متعارف کروانے والی ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین اپنے فون نمبر ظاہر کیے بغیر بھی واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔

کمپنی نے اس پر کافی وقت سے کام کیا ہے اور اب بیٹا ورژن میں یوزر نیم ریزرو کرنے کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے لوگ اپنے پسندیدہ یوزر نیم پہلے سے محفوظ کرا سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق، واٹس ایپ کی سیٹنگز میں ایک نیا آپشن شامل کیا جا رہا ہے جہاں سے صارفین اپنا یوزر نیم ریزرو کر سکیں گے۔ یہ فیچر ابھی صرف محدود صارفین کو بیٹا ورژن میں دستیاب ہے، اور ابھی میٹا نے باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

اگر یہ فیچر مکمل طور پر لانچ ہو گیا تو واٹس ایپ پر صارفین اپنا فون نمبر چھپا کر یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کر سکیں گے، جو پرائیویسی کے لیے بہت اہم قدم ہوگا۔

اس کے علاوہ، صارفین اپنا یوزر نیم بدلنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں اپنے پروفائل پر زیادہ کنٹرول ملے گا۔ یہ تبدیلی واٹس ایپ کو ایک نئے انداز میں پیش کرے گی اور اس کے استعمال کو زیادہ محفوظ اور آسان بنا دے گی۔

مزیدخبریں