وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات،چینی وفد کا پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئےگہری دلچسپی کا اظہار

03:57 PM, 6 Nov, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے بڑے سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ اس ملاقات میں مریم نواز نے پنجاب کو سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین مقام قرار دیا اور چین کے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لئے بہترین معاونت فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو فوری طور پر کاروبار شروع کرنے کی سہولت دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکے ہیں، خاص طور پر انڈسٹریل زونز اور انڈسٹریل پارکس میں۔

مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ، ڈیوٹی امپورٹ ریلیف اور دیگر مراعات دینے کا وعدہ کیا، اور کہا کہ پنجاب میں انفراسٹرکچر، آئی ٹی، اور میڈیکل ٹورازم کے شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بہترین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال چین کے دورے کے بعد پنجاب میں میڈیکل اور دیگر شعبوں میں جدت لانے کے لئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب کا رئیل اسٹیٹ سیکٹر بھی سرمایہ کاری کے لئے ایک اچھا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں روڈا کے پراجیکٹس کی تکمیل سے انفراسٹرکچر میں اہم بہتری آئی ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ سیاحت کے شعبے میں ترقی کی وجہ سے پنجاب میں معیاری ہوٹلوں کی کمی محسوس ہو رہی ہے، اور اس کا حل بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گلاس ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرین جیسے منصوبے جلد متعارف کرائے جائیں گے، جس سے صوبے کی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں بزنس کے آغاز کے لیے فائلوں اور کاغذی کام کی ضرورت نہیں، بلکہ آن لائن سسٹم کے ذریعے سرمایہ کار آسانی سے اپنے کاروبار کا آغاز کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں