ایم کیو ایم کا وزیراعظم سے 27 ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ

01:59 PM, 6 Nov, 2025

اسلام آباد : ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران 27 ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو مزید اختیارات دینے کی درخواست کی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کا 7 رکنی وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچا، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، جاوید حنیف خان، سید امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن بھی شامل تھے۔

ملاقات میں ایم کیو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں مقامی حکومتوں کو اختیارات دے کر انہیں خودمختار بنایا جائے تاکہ بلدیاتی سطح پر عوامی مسائل بہتر طریقے سے حل ہو سکیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے بلدیاتی آئینی ترمیمی مسودے کو 27 ویں ترمیم میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے وفد کو مکمل اعتماد میں لیا اور اس آئینی ترمیم پر مشاورت کی۔ انہوں نے بتایا کہ 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی مسودے کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد اس ترمیم کو جلد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے، اور 27 ویں آئینی ترمیم کو رواں ماہ ہی دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کا ارادہ ہے۔ اگر یہ ترمیم منظور ہو جاتی ہے تو مقامی حکومتوں کو مزید اختیارات ملنے سے شہری مسائل کے حل میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں