صوبے کے عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے ،مریم نواز

12:20 PM, 6 Nov, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر بات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اور وہ کسی بھی قسم کی انتشار یا خلفشار کو برداشت نہیں کریں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد نواز شریف کا منشور عوام کی خدمت ہے، اور ان کے زیرِ قیادت پنجاب میں بڑے ترقیاتی پراجیکٹس جاری ہیں جن کا مقصد عوام کی فلاح اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کسانوں کے لیے کسان کارڈ، اور عوام کے لیے مفت ادویات کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جن کے ذریعے لاکھوں افراد کو مالی اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پنجاب میں پہلی بار 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کا پے آرڈر ان کی دہلیز تک پہنچایا گیا، جبکہ 15 لاکھ افراد کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ تین ہزار روپے مل رہے ہیں۔

پارلیمنٹرینز نے وزیراعلیٰ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرین بس پراجیکٹ، جس کا آغاز میانوالی سے ہوا، وزیراعلیٰ کے عوامی ترقی کے ویژن کا عکاس ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے ان کے شفافیت اور میرٹ پر مبنی اقدامات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں بڑے ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے جو عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں پنجاب کے عوام کی خدمت کا عہد ہے اور ہم ہمیشہ ان کے حقوق کا دفاع کریں گے۔"

اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔

مزیدخبریں