اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے تاکہ 27 ویں آئینی ترمیم پر ان سے مشاورت کی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ترمیم کے حوالے سے اتحادیوں کو تفصیل سے آگاہ کریں گے۔ اس موقع پر پاک افغان تعلقات پر بھی بات چیت ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں پارٹی کو حکومتی ڈرافٹ پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پانچ اہم تحفظات اٹھائے ہیں، جن میں سب سے بڑا مطالبہ یہ ہے کہ صوبوں کا حصہ 57 فیصد سے کم نہ کیا جائے اور صوبائی خودمختاری میں کوئی کمی نہ کی جائے۔ پارٹی نے ملک بھر کے لیے ایک ہی نصاب کی تجویز کو بھی قابل قبول نہیں سمجھا۔
اس کے علاوہ، اپوزیشن جماعتوں کی بھی ملاقاتیں جاری ہیں۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اسد قیصر اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں 27 ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کا مقصد اپوزیشن میں اتحاد قائم کرنا اور ترمیم کے معاملے پر مشترکہ موقف اپنانا تھا۔
یاد رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے لیے 224 ارکان کی حمایت ضروری ہے۔ حکومتی اتحاد کو پیپلز پارٹی سمیت 237 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جن میں مسلم لیگ ن کے 125، پیپلز پارٹی کے 74، ایم کیو ایم کے 22 اور دیگر اتحادی شامل ہیں۔ اپوزیشن کے 89 ارکان ہیں، جن میں 75 آزاد ارکان اور جے یو آئی ف کے 10 ارکان شامل ہیں۔