لاہور اور پنجاب میں موسم میں تبدیلی، فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ، سموگ کی شدت میں کمی

09:59 AM, 6 Nov, 2025

لاہور: لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس سے فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور آج کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

سموگ کی شدت میں بھی کمی آئی ہے، اور لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں ہوا کی کیفیت میں بہتری آئی ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 185 ریکارڈ کیا گیا ہے، حالانکہ کچھ علاقوں جیسے گلبرگ ٹو، برکی روڈ اور ڈی ایچ اے میں یہ اعداد و شمار ابھی بھی بہت زیادہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق شمال مغرب سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے آلودہ ہوا لاہور اور مشرقی پنجاب سے باہر کی سمت منتقل ہو گئی ہے، جس سے فضائی معیار میں بہتری آئی ہے۔

پنجاب حکومت نے سموگ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ شروع کر رکھا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سموگ کی نگرانی کرنے والے یونٹس کو فعال کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں تاکہ سموگ کے اثرات سے بچا جا سکے۔

صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ صبح و شام کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو کھلی فضا میں جانے سے روکے اور سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

محکمہ صحت نے بھی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں گلے کی خرابی، کھانسی یا سانس لینے میں مشکلات محسوس ہوں، تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ حکومت ’’صاف فضا، محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت آگاہی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سموگ کی آلودگی کے بارے میں آگاہی دینا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

مزیدخبریں