27 ویں آئینی ترمیم پر غور کے لیے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

09:40 AM, 6 Nov, 2025

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا، جس میں پارٹی کی قیادت 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنے موقف پر تفصیل سے بات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے پانچ اہم تحفظات ہیں جن پر وہ حکومتی ڈرافٹ میں تبدیلی کی خواہاں ہے۔

پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ صوبوں کا حصہ 57 فیصد سے کم نہیں ہونا چاہیے، اور صوبوں کی خودمختاری میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جانی چاہیے۔ اس کے علاوہ، پارٹی کے لیے پورے ملک کے لیے ایک ہی نصاب کی تجویز بھی قابل قبول نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں 336 ارکان ہیں، تاہم 10 نشستوں کے خالی ہونے کے بعد اس وقت 326 ارکان موجود ہیں۔ آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے کم از کم 224 اراکین کی حمایت درکار ہوگی، اور حکومتی اتحاد کے پاس پیپلز پارٹی سمیت 237 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

حکومتی اتحاد میں سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن ہے، جس کے 125 اراکین ہیں، پیپلز پارٹی کے 74، ایم کیو ایم کے 22، ق لیگ کے 5 اور آئی پی پی کے 4 اراکین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، مسلم لیگ ضیاء، بلوچستان عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن کے علاوہ 4 آزاد اراکین بھی حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تعداد 89 ہے، جن میں 75 آزاد اراکین اور جے یو آئی ف کے 10 ارکان شامل ہیں۔ اپوزیشن بینچوں پر سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین، بی این پی مینگل اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کا ایک ایک رکن بھی موجود ہے۔

مزیدخبریں