سی ایس ایس… یا واقعی ”سول سروس آف پاکستان“؟
یا پھر وہی طنزیہ سوال جو اب سنجیدہ ہوتا جا رہا ہے: ”سیم سسٹم اف سلیکٹنگ؟“
میں نے سی ایس ایس کرنے والے ٹاپرز کے انٹرویوز دیکھے ہیں—بارہا دیکھے ہیں، غور سے سنے ہیں—اور ہر بار ایک نیا سوال میرے ذہن کے دروازے پر دستک دیتا ہے۔ حال ہی میں ایک ٹاپر کا Mock انٹرویو، اس کا رزلٹ کارڈ اور تحریری امتحان زیرِ بحث آئے تو ذہن میں ایک ہی سوال گونجتا رہا:
کیا واقعی یہی ہے وہ کریم آف پاکستان جس کے ہاتھ میں اس ملک کی تقدیر سونپی جانی ہے؟۔
الفاظ کی کمی نہیں تھی… جملے مکمل تھے… لہجہ پ±راعتماد تھا… مگر جو چیز غائب تھی، وہ ”فکر“ تھی۔ ایسا محسوس ہوا جیسے ذہن نہیں بول رہا، بلکہ حافظہ دہرا رہا ہے۔ جیسے سوچ کہیں پیچھے رہ گئی ہو اور یادداشت نے اس کی جگہ لے لی ہو۔
یہ مسئلہ کسی ایک امیدوار کا نہیں—یہ پورے نظام کا عکاس ہے۔ ہم آج بھی ایک ایسے امتحانی ڈھانچے سے چمٹے ہوئے ہیں جو برطانوی نوآبادیاتی دور کی ضرورت تھا، مگر آج کے پاکستان کے لیے ایک بوجھ بن چکا ہے۔ اس نظام میں کامیابی کا معیار ”رٹا“ ہے، نہ کہ ”تخلیق“۔ یہاں سوال یہ نہیں کہ آپ کیا سوچتے ہیں، بلکہ یہ کہ آپ نے کیا یاد کیا ہے۔
اور المیہ دیکھیے کہ اتنی اہم ترین سروس کے لیے بھی اگر میٹرک اور انٹر لیول جیسا طریقہ کار اپنایا جائے—جہاں نمبر حافظے کی بنیاد پر ملتے ہیں—تو ہمیں سنجیدگی سے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم مقابلے کا امتحان نہیں لے رہے، بلکہ یادداشت کا مقابلہ کروا رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ضروری ہو چکا ہے کہ صرف امتحان ہی نہیں، بلکہ کامیاب امیدواروں کا نفسیاتی اور فکری تجزیہ بھی کیا جائے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم کس قسم کی ”کریم“ تیار کر رہے ہیں۔ کیونکہ اگر بنیاد ہی کمزور ہو تو عمارت کتنی ہی بلند کیوں نہ ہو، پائیدار نہیں ہو سکتی۔
ہم سب نے اپنے تعلیمی اداروں میں ایک عام مشاہدہ کیا ہے:
وہ طلبہ جو رٹے کے زور پر نمایاں نمبر لے جاتے ہیں، اکثر عملی زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ کیوں؟ کیونکہ زندگی سوالنامہ نہیں دیتی—زندگی مسائل دیتی ہے، اور مسائل کا حل یادداشت سے نہیں، بصیرت سے نکلتا ہے۔
مگر ہمارا نظام کیا کر رہا ہے؟۔
وہ ایسے افراد کو چن رہا ہے جو سوالنامہ حل کرنے میں ماہر ہیں، نہ کہ مسائل حل کرنے میں۔
پھر ہم ایک عجیب و غریب منظر دیکھتے ہیں:
ایک ہی افسر کبھی تعلیم کا معمار بنتا ہے، کبھی صحت کا نگہبان، کبھی جنگلات کا محافظ—اور ہر جگہ خود کو ”ماہر“ بھی ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ کوئی انتظامی مہارت نہیں، بلکہ ایک فکری تضاد ہے۔
سوچیے، کیا کسی سنجیدہ ادارے میں ایسا ممکن ہے؟۔
کیا ایک مکینک کو مرسیڈیز کی مرمت کے بعد ریلوے انجن اور پھر ایئرپورٹ کا نظام بھی سونپ دیا جائے؟۔
یہ دانشمندی نہیں، ایک ایسا مذاق ہے جس کی قیمت پوری قوم ادا کر رہی ہے۔
یہ مسئلہ صرف انتظامی نہیں—یہ ایک فکری بحران ہے۔
دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ Gen Z سے آگے بڑھ کر Gen Alpha کا دور شروع ہو چکا ہے، جہاں مہارت، تخصص(سپیشلایشن) اور تخلیقی صلاحیت اصل کرنسی ہیں۔ دنیا اب ”جیک آف آل ٹریڈ“ کو نہیں، بلکہ ”ماسٹر آف نن“ کو ترجیح دیتی ہے۔ مگر ہم آج بھی ”ایک ڈگری، سو محکمے“ کے فلسفے کے اسیر ہیں۔
کیا ہم نے کبھی خود سے یہ سوال کیا ہے کہ ہم افسر چن رہے ہیں… یا فائلوں کے حافظ؟
کیا ہم نظام چلا رہے ہیں… یا محض روایت نبھا رہے ہیں؟
اصلاح کا راستہ نہ تو پیچیدہ ہے اور نہ ہی ناممکن—مگر اس کے لیے نیت، بصیرت اور جرات درکار ہے۔
سب سے پہلے، تحریری امتحان کے ڈھانچے کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اسے یادداشت کی بنیاد سے نکال کر تجزیاتی، تخلیقی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت پر منتقل کرنا ہوگا۔ ایسے سوالات دیے جائیں جو امیدوار کی سوچ کو پرکھیں، نہ کہ اس کے حافظے کو۔
دوسرا، ہر شعبے کے لیے اسی شعبے کے ماہرین کو آگے لانا ہوگا۔ تعلیم کے لیے ماہرِ تعلیم، صحت کے لیے ماہرِ طب، معیشت کے لیے ماہرِ معاشیات—یہی دنیا کا اصول ہے اور یہی کامیابی کا راستہ بھی۔
تیسرا، امتحانی پرچے بنانے، جانچنے اور انٹرویوز لینے والے افراد کی ذہنی اور علمی سطح پر بھی نظرِ ثانی ناگزیر ہے۔ اگر پرچہ بنانے والا خود سوچ کی گہرائی سے محروم ہوگا تو وہ امیدوار میں کیا تلاش کرے گا؟۔
ہمیں ”رٹے“ کی ثقافت کو ختم کر کے ”سوچ“ کو عزت دینی ہوگی۔ ہمیں ایسے افراد چاہیے جو سوال اٹھا سکیں، جو نظام کو بہتر بنا سکیں، جو صرف ہدایات پر عمل نہ کریں بلکہ نئی راہیں بھی تلاش کریں۔
ورنہ ہم ہر سال ”کریم“ پیدا کرتے رہیں گے…
اور قوم مسلسل ” کریم“ ہوتی رہے گی۔
یہ وقت ہے کہ ہم فیصلہ کریں:
ہمیں ایک زندہ قوم بننا ہے یا ایک یادداشت کا مجموعہ؟
سی ایس ایس اصلاحات اب کوئی آپشن نہیں—یہ ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ کیونکہ اگر ہم نے آج اپنے نظام کو نہ بدلا، تو کل یہ نظام ہمیں بدل دے گا… اور شاید اس وقت بہت دیر ہو چکی۔
سی ایس ایس اصلاحات: وقت کا تقاضا یا نظام کا المیہ؟
08:27 AM, 7 May, 2026