میٹا کا فیس بک فیڈ سے اسپام مواد ختم کرنے کا اعلان

07:08 PM, 6 May, 2025

کیلیفورنیا:اگر آپ کو فیس بک پر غیر ضروری اور بیزار کن پوسٹس نظر آتی ہیں تو یہ آپ کی غلط فہمی نہیں، بلکہ حقیقت ہے۔ میٹا نے خود تسلیم کیا ہے کہ فیس بک پر اسپام مواد بڑھ چکا ہے۔

حال ہی میں جاری کردہ ایک بیان میں کمپنی نے کہا کہ فیس بک فیڈ اکثر ایسی پوسٹس پر مشتمل ہوتی ہے جو صارف کی دلچسپی سے مطابقت نہیں رکھتیں، اور کمپنی ان مسائل کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان صارفین کی پوسٹس کی ریچ (رسائی) محدود کر دے گی جو طویل یا بے ربط کیپشن استعمال کرتے ہیں یا جن کا مواد پوسٹ کے ساتھ میل نہیں کھاتا۔
مزید یہ کہ ایسے صارفین فیس بک کی مونیٹائزیشن پالیسی کے تحت آمدنی کے اہل نہیں ہوں گے۔

کمپنی نے واضح کیا کہ اسپام نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور ایسے پیجز جو زیادہ لوگوں تک اسپام پوسٹس پہنچاتے ہیں، انہیں بند کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ایسے صارفین کے کمنٹس بھی کم دکھائی دیں گے۔

میٹا ایک نئے فیچر کی آزمائش بھی کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی بھی کمنٹ کو گمنام طریقے سے ڈاؤن ووٹ کر سکیں گے، تاکہ غیر موزوں گفتگو کو دبایا جا سکے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میٹا فیس بک کو نوجوانوں کے لیے دوبارہ پرکشش بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے "فرینڈز ٹیب" دوبارہ متعارف کرایا ہے، اور مارک زکربرگ فیس بک کو روایتی سوشل میڈیا انداز میں واپس لانے کا عزم رکھتے ہیں۔

میٹا نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ان صارفین کی حوصلہ افزائی کرے گا جو مستند اور اصل مواد پوسٹ کرتے ہیں۔

 
 

مزیدخبریں