قطری وزیر اعظم کا پاکستان کے معاشی اقدامات اور امن کوششوں پر اطمینان کا اظہار

06:30 PM, 6 May, 2025

اسلام آباد: قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تائید کی ہے۔ یہ حمایت انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران ظاہر کی۔

ملاقات میں علاقائی امن و امان، سیکیورٹی امور اور باہمی تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ قطری وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک خطے میں کشیدگی سے گریز کی پالیسی کا حامی ہے اور انہیں امید ہے کہ سفارتی اقدامات کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم قطر نے پاکستانی معیشت میں بہتری کو بھی سراہا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف انتھک محنت سے معیشت کو درست سمت میں لے جا رہے ہیں، جو ایک مثبت اشارہ ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیراعظم کو بھارت کی اشتعال انگیز سرگرمیوں، خاص طور پر پہلگام واقعے سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی جانب سے غیر جانب دار تحقیقات کی پیشکش امن پسند رویے اور اصولی مؤقف کی عکاس ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں