وزیراعظم کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی سیکیورٹی بریفنگ، قومی چوکسی مزید بڑھانے پر زور

06:09 PM, 6 May, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت مشرقی سرحد پر جارحیت اور اشتعال انگیزی بڑھا رہا ہے، جس کے تناظر میں پاکستان کی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ہائبرڈ جنگی حکمتِ عملی، دہشت گرد نیٹ ورکس اور دیگر درپیش خطرات پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔

قومی قیادت نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ تمام ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر ہم آہنگ اور تیار ہیں۔ وزیراعظم نے ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک سمجھ بوجھ کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ایس آئی نے ہمیشہ قومی مفادات کا مؤثر دفاع کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں فخر ہے کہ پاکستان آرمی دنیا کی بہترین اور نظم و ضبط رکھنے والی افواج میں شامل ہے۔

آخر میں، قومی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر طرح کے خطرات   چاہے وہ روایتی ہوں یا غیر روایتی   سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں