ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں، آرمی چیف کی آواز پر لبیک کہیں گے، ریٹائرڈ فوجی افسران

04:23 PM, 6 May, 2025

راولپنڈی :  ریٹائرڈ فوجی افسران نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے وہ آج بھی پوری طرح تیار ہیں، اور اگر آرمی چیف آواز دیں گے تو لبیک کہیں گے۔ یہ بات میجر جنرل (ر) جاوید اسلم طاہر نے راولپنڈی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، جس میں دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ملک بھر کے 20 لاکھ ریٹائرڈ فوجیوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

میجر جنرل (ر) جاوید اسلم نے کہا، ’’ہم متحد ہیں، افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور دفاعِ وطن کے لیے تیار ہیں۔‘‘ پریس کانفرنس میں ائیر وائس مارشل (ر) فہیم ارشد نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس بھارت سے کہیں زیادہ مضبوط اور ماہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کے واقعات میں دنیا نے ہماری فضائی طاقت اور مہارت کو تسلیم کیا۔

میجر جنرل (ر) خالد جعفری نے بھی بھارت کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی فالس فلیگ آپریشنز کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمارے جوان بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

ریٹائرڈ افسران نے یک زبان ہو کر کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے وہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

مزیدخبریں