قومی اسمبلی اجلاس :تمام سیاسی جماعتوں کا بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار

03:32 PM, 6 May, 2025

اسلام آباد : اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، جہاں تمام سیاسی جماعتوں نے بھارت کی حالیہ دھمکیوں اور جارحانہ رویے کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں نے واضح طور پر کہا کہ بھارت نے اگر کوئی غلط قدم اٹھایا تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔

پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مودی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر ایک خطرناک کھیل شروع کیا ہے، پاکستان یہ معاملہ عالمی عدالت میں لے کر جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو پاکستان جواب دینے میں دیر نہیں کرے گا۔

بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کرتا بلکہ خود اس کا شکار ہے، اور بھارت اپنی ناکامیوں کا الزام ہم پر ڈال رہا ہے۔ سحر کامران نے ایٹمی پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت آج ہماری ایٹمی طاقت کی وجہ سے حملے سے ڈرتا ہے۔

فاروق ستار نے مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بیانیہ ناکام ہو چکا ہے، اور اگر اس نے پاکستان کو آزمانے کی کوشش کی تو اس بار "چائے" نہیں، "ڈرم" بھیجیں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نےکہا کہ اہم اجلاس میں کئی حکومتی نشستیں خالی تھیں، جس سے سنجیدگی کا فقدان نظر آیا۔

وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت اب دنیا میں تنہا ہو رہا ہے اور پاکستان کی فوج اور قوم پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کوئی غلطی کی تو اس کی نسلیں اسے یاد رکھیں گی۔

ایوان کا مجموعی پیغام یہ تھا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو پھر بھرپور جواب دیا جائے گا، اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں