اسرائیلی فوج کے غزہ اور یمن میں حملے، 54 فلسطینی شہید

02:38 PM, 6 May, 2025

غزہ : اسرائیل نے غزہ اور یمن پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 54 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی وزیراعظم  نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کے 20 لاکھ افراد کو ایک نئے زمینی آپریشن کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔

غزہ کے میڈیا آفس نے بتایا کہ وہاں کے ہسپتالوں میں شدید کمیابی ہے، اور 48 گھنٹوں میں یہ تمام سہولتیں بند ہو جائیں گی، جس سے ہزاروں زخمی اور بیمار افراد کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اب تک 52,567 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 18 ہزار زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ سرکاری میڈیا کے مطابق شہداء کی تعداد 61,700 سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسی دوران اسرائیلی جنگی جہازوں نے یمن کے الحدیدہ پر بھی فضائی حملہ کیا، جہاں ایک سیمنٹ فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ ایک دن بعد کیا گیا جب حوثی باغیوں نے تل ابیب کے ہوائی اڈے پر میزائل حملہ کیا تھا۔ حوثی فورسز نے خبردار کیا کہ جب تک اسرائیل غزہ پر بمباری بند نہیں کرتا، وہ اسرائیل اور امریکہ کے بحری جہازوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔

 اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے مغربی میڈیا کی غزہ کی جنگ کی کوریج پر اعتراض کیا اور کہا کہ "کیا مغربی میڈیا کے پاس صحافت کی اخلاقیات کا کوئی احساس باقی ہے؟"

مزیدخبریں