بھارت کا آبی کھیل خطرناک رخ اختیار کرنے لگا، دریائے چناب میں اچانک پانی چھوڑ دیا

11:16 AM, 6 May, 2025

اسلام آباد : بھارت نے 24 گھنٹے تک دریائے چناب کا پانی روکنے کے بعد اچانک بڑی مقدار میں پانی چھوڑ دیا، جس سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو گئی۔ جو دریا کچھ وقت پہلے تقریباً خشک دکھائی دے رہا تھا، اب وہاں پانی کا بہاؤ 28 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔

محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ پانی کا یہ غیر متوقع اخراج خطرناک صورتحال پیدا کر سکتا ہے اور رات کے وقت مزید پانی آنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق بھارت کا اس طرح بغیر اطلاع پانی روکنا اور پھر اچانک چھوڑ دینا نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عمل پاکستان کے لیے سیلاب جیسا خطرہ بھی پیدا کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ارسا نے صورت حال پر کڑی نظر رکھنے اور پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کی یہی چال اب اس کے اپنے عوام کے لیے بھی مصیبت بن گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے اکھنور میں بھارتی حکام نے وارننگ جاری کر دی ہے کہ لوگ دریا کے قریب سے ہٹ جائیں، کیونکہ پانی کا بہاؤ کسی بھی وقت دوبارہ تیز ہو سکتا ہے۔ حالانکہ کچھ دن پہلے تک وہاں پانی کی کمی اتنی تھی کہ لوگ دریا کو پیدل پار کر رہے تھے۔

مزیدخبریں