سفارتی میدان میں پاکستان کی بڑی پیش رفت، سلامتی کونسل میں پاک بھارت کشیدگی پر غور

10:00 AM, 6 May, 2025

نیویارک : پاکستان کو عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی درخواست پر پاک بھارت کشیدگی پر بند کمرہ اجلاس منعقد کیا۔

نیو یارک میں ہونے والے اس اجلاس میں سلامتی کونسل کے تمام 15 رکن ممالک نے شرکت کی، جن میں پانچ مستقل ارکان بھی شامل تھے۔ اجلاس میں پاکستان کا مؤقف وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی رہنمائی میں پاکستانی وفد نے پیش کیا، جو اس حساس موقع کے لیے مکمل طور پر تیار تھا۔

پاکستانی مشن نے عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے دیے گئے اشتعال انگیز بیانات اور ایسے اقدامات سے آگاہ کیا جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے ارکان کو خاص طور پر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے جیسے سنگین اقدام پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پر زور دیا۔ ساتھ ہی پاکستان نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔

مزیدخبریں