ملتان : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ایک اہم میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن ان کی پوری ٹیم صرف 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ زلمی کے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، احمد دانیال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ معاذ صداقت اور لیوک ووڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان کی طرف سے شائی ہوپ 23 اور طیب طاہر 22 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھا سکے، لیکن باقی بلے باز ناکام رہے۔
جواب میں پشاور زلمی نے ہدف صرف 13 اوورز میں پورا کر لیا۔ صائم ایوب نے 49 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، جبکہ میکس برائنٹ نے 38 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم صرف 8 رنز بنا سکے، لیکن ہدف آسان ہونے کی وجہ سے زلمی کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔