اسلام آباد : ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر تبدیلی کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ وزارتِ پٹرولیم نے عالمی منڈی کے رجحانات اور مقامی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کی سفارشات مرتب کر لی ہیں، جن پر حتمی فیصلہ آج رات متوقع ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ اور ملکی معیشت پر اس کے اثرات پر مشاورت کی گئی۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہونے کا قوی امکان ہے۔حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ قیمتوں میں تبدیلی کے پیشِ نظر ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، تاہم حتمی قیمتوں کا تعین لیوی اور دیگر ٹیکسز کی شرح کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔وزارتِ پٹرولیم کی سمری وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کے بعد نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کیا جا سکتا ہے۔"
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل: وزارتِ پٹرولیم کی سفارشات تیار، رات 12 بجے اطلاق کا امکان
10:27 PM, 6 Mar, 2026