اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، فراہمی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور عوام کی ضروریات بلا تعطل پوری کی جا سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے پٹرول پمپ بند کیے جائیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیر پٹرولیم کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور پٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ترسیل کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ ساتھ ہی ڈیش بورڈ کے ذریعے رئیل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ کی جائے تاکہ نقل و حمل پر نظر رکھی جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، اسٹیٹ بینک کے گورنر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق، ہائی پاور کمیٹی نے ہفتہ وار پٹرولیم قیمتوں کے حوالے سے سفارشات تیار کیں، جنہیں وزیراعظم نے منظور کر لیا۔ ای سی سی کی منظوری کے بعد، کابینہ قیمتوں کی حتمی منظوری دے گی۔مزید برآں، تعلیمی اداروں اور دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم کے پلان کی تیاری کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔