واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی سفری پابندیوں کے تحت پاکستان اور افغانستان کے شہریوں کا امریکا میں داخلہ آئندہ ہفتے سے ممکنہ طور پر بند ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی انتظامیہ مختلف ممالک میں سیکیورٹی اور جانچ پڑتال کے نظام کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے نتیجے میں مخصوص ممالک سے امریکا آنے والوں کا داخلہ روکنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر کی جانب سے 20 جنوری 2025 کو جاری کیے گئے ایگزیکٹیو آرڈر میں امریکی سلامتی کو خطرات کی نشاندہی کرنے کے لیے امریکا آنے والوں کی سخت جانچ پڑتال کو ضروری قرار دیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی تھی کہ وہ کمزور سیکیورٹی والے ممالک کی فہرست تیار کریں، جن پر جزوی یا مکمل پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
اس تجویز کے مطابق، پاکستان اور افغانستان پر مکمل سفری پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں، جس سے وہ افغان باشندے بھی متاثر ہو سکتے ہیں جو امریکی فوج کے ساتھ کام کرنے کے باعث طالبان کے انتقام کا شکار ہونے سے بچنے کے لیے امریکا میں پناہ لینے کے خواہشمند ہیں۔
اگر یہ پابندیاں نافذ ہوئیں، تو ان ممالک کے شہریوں کی امریکا میں آبادکاری کے امکانات شدید متاثر ہو سکتے ہیں