یورپی ڈویلپرز کے لیے بڑی خوشخبری، ایپل نے نیا مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا

08:43 PM, 6 Jun, 2026

برلن: ٹیکنالوجی کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ایپل نے یورپ میں اپنا پہلا ڈیویلپر ہب قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا افتتاح رواں سال کے آخر تک جرمنی کے دارالحکومت برلن میں متوقع ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایپل اور یورپی یونین کے درمیان مختلف قوانین اور ڈیجیٹل پالیسیوں کے حوالے سے اختلافات دیکھنے میں آئے ہیں۔ یورپی ریگولیٹرز متعدد مواقع پر کمپنی کی کاروباری پالیسیوں پر اعتراضات اٹھاتے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ایپل کو یورپی صارفین کے لیے اپنی بعض خدمات اور قواعد میں تبدیلیاں کرنا پڑیں۔

برلن میں قائم ہونے والا یہ نیا مرکز ایپل کے عالمی ڈیویلپر نیٹ ورک کا حصہ ہوگا۔ اس سے قبل کمپنی امریکا کے کیوپرٹینو، بھارت کے بنگلورو، چین کے شنگھائی اور سنگاپور میں بھی ایسے مراکز قائم کر چکی ہے۔

ایپل کے مطابق یہ مراکز ایپلیکیشنز تیار کرنے والے ڈویلپرز، سافٹ ویئر انجینئرز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ یہاں شرکاء کو خصوصی تربیتی پروگراموں، تکنیکی ورکشاپس اور کمپنی کے ماہرین سے براہِ راست رہنمائی حاصل کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ برلن میں قائم ہونے والا یورپ کا پہلا ڈیویلپر ہب خطے کے ٹیکنالوجی ماہرین اور ایپ ساز اداروں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جو انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے اور عالمی معیار کی ایپس تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
 
 

مزیدخبریں