بیجنگ: چینی تفریحی صنعت سوگوار ہو گئی ہے، جہاں نوجوان اداکار اور ماڈل جِن زے محض 33 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کی گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جِن زے، جن کا اصل نام ژانگ جیاوئی تھا، ہانگژو میں اپنی رہائش گاہ پر وفات پا گئے۔ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ اہل خانہ کی درخواست اور نجی زندگی کے احترام میں فی الحال موت کی وجہ ظاہر نہیں کی جا رہی۔
بیان میں میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس غمگین وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں اور غیر مصدقہ معلومات یا افواہوں کے پھیلاؤ سے گریز کریں تاکہ لواحقین کو پرسکون ماحول میں آخری رسومات کی ادائیگی کا موقع مل سکے۔
اداکار کی اچانک وفات کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر غم و غصے اور افسوس کی لہر دوڑ گئی، جہاں مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات نے انہیں ایک باصلاحیت، محنتی اور خوش اخلاق انسان قرار دیتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ اپنی وفات سے ایک ماہ قبل جِن زے نے ویبو پر اپنی آخری پوسٹ میں ایک نئے ڈرامائی پروجیکٹ کی شوٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔