ایس ایم تنویر کا فکسڈ ٹیکس سکیم کا خیرمقدم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کاوشوں کی تعریف

03:55 PM, 6 Jun, 2026

اسلام آباد/لاہور: وفاقی حکومت اور تاجر برادری کے مابین مشاورت سے تیار کردہ نئی فکسڈ ٹیکس سکیم کا بزنس کمیونٹی نے بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ معروف صنعتکار اور یو بی جی (UBG) کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر نے اسے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا ہے۔

ایس ایم تنویر نے سکیم کی کامیابی کا سہرا وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ تاجروں کی مشاورت سے بنائی گئی یہ اسکیم چھوٹے دکانداروں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
 200 ملین (20 کروڑ) روپے یا اس سے کم سالانہ ٹرن اوور والے دکاندار اب صرف 1 فیصد مقررہ انکم ٹیکس دینے کے اہل ہوں گے۔ سالانہ ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس لاگو ہوگا۔
 ایف بی آر نے تاجروں کے مطالبے پر اردو اور علاقائی زبانوں میں صرف ایک صفحے کا آسان فارم متعارف کرایا ہے، جسے موبائل ایپ کے ذریعے بھی جمع کرایا جا سکتا ہے۔
آل پاکستان ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اجمل بلوچ نے ایس ایم تنویر سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ معاہدے کے تحت اسکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے ایک خصوصی "رجسٹریشن پلیٹ" دی جائے گی۔ یہ پلیٹ دکان کے باہر آویزاں کرنے کے بعد ٹیکس حکام کو دکان کا اچانک یا بلاجواز معائنہ کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں ہوگا، جس سے تاجروں کو ہراساں کیے جانے کا راستہ بند ہو جائے گا۔
صنعتکار ایس ایم تنویر نے گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان ایسے مشترکہ فیصلے ہی ملک کے طویل مدتی اقتصادی مفادات کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں