لاہور : پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے سیاسی مخالفین پر بڑا جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت عروج پر ہے اور ہر طرف 'شیر' کی آوازیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کی ہے اور عوام ہمیں اسی کارکردگی پر ووٹ دیتے ہیں، جبکہ ہمارے پاس دکھانے کو کام ہے اور مخالفین کے پاس صرف کیچڑ اچھالنے کی سیاست ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عظمیٰ بخاری نے چیلنجنگ انداز میں کہا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی اور جماعت نے مٹی کی ایک اینٹ تک نہیں لگائی، خطے کی اصل تعمیر و ترقی صرف ن لیگ کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا وہاں کوئی ووٹ بینک نہیں رہا اور وہ سیاسی طور پر صفر ہو چکی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی متوقع شکست کو چھپانے کے لیے قبل از وقت دھاندلی کا واویلا مچا رہی ہیں اور یہ شور کیا جا رہا ہے کہ انہیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جن کے پاس الیکشن میں کھڑا کرنے کے لیے امیدوار تک پورے نہیں ہیں، وہ کس منہ سے انتخابی عمل پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی عوام باشعور ہیں اور وہ منفی سیاست کرنے والوں کو الیکشن میں بری طرح مسترد کر دیں گے۔