"سابقہ شادی چھپائی اور بلیک میل کر کے آسٹریلین ڈالر لیے"؛ لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر کے اداکارہ مومنہ اقبال پر جوابی الزامات 

"اداکارہ کی بہن کو آسٹریلین ڈالرز دیے، اکاؤنٹس میں 83 لاکھ منتقل کیے؛ حقائق چھپانے پر رشتہ ختم کیا"، ثاقب چڈھر کا دعویٰ

02:01 PM, 6 Jun, 2026

لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات کے مقدمے نے اس وقت نیا رخ اختیار کر لیا جب مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چڈھر کا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (NCCIA) میں جمع کرایا گیا تحریری دفاعی بیان سامنے آ گیا۔

منظرِ عام پر آنے والے اس نئے بیان کے مطابق، صوبائی اسمبلی کے رکن ثاقب چڈھر نے اداکارہ مومنہ اقبال کے ساتھ سال 2020 سے گہرے ذاتی تعلقات کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس عرصے کے دوران انہوں نے اداکارہ کے ہمراہ اندرون اور بیرونِ ملک متعدد فضائی اسفار کیے، جن کے تمام مالی اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ اور ان کے اہلخانہ نے مومنہ اقبال کی سابقہ شادی اور طلاق کے حقائق کو ان سے پوشیدہ رکھا، اور اسی بنا پر انہوں نے شادی سے انکار کیا جس کے بعد یہ تنازع کھڑا ہوا۔

لیگی رہنما نے سائبر کرائم اتھارٹی کے سامنے اداکارہ کے خاندان پر بھاری رقوم بٹورنے کے الزامات بھی عائد کیے۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے مختلف اوقات میں خود اداکارہ مومنہ اقبال کے بینک اکاؤنٹ میں 83 لاکھ روپے منتقل کیے، جبکہ ان کی بہن رمشا اقبال نے بلیک میلنگ کے ذریعے ان سے 10 ہزار آسٹریلین ڈالر وصول کیے۔ مزید برآں، انہوں نے رمشا کی یونیورسٹی فیس کی مد میں بھی 13 ہزار آسٹریلین ڈالر ادا کیے۔

واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسگی اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کے ابتدائی الزامات کے بعد یہ معاملہ ہائی پروفائل ہو چکا ہے، اور این سی سی آئی اے (NCCIA) اب دونوں فریقین کے بیانات اور فراہم کردہ مبینہ مالیاتی شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔

مزیدخبریں