گلگت بلتستان الیکشن: نامور سیاسی خاندانوں کی ساکھ داؤ پر، انتخابی معرکے فائنل راؤنڈ میں داخل

گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے خاندان آمنے سامنے؛ راجا جلال حسین، حافظ حفیظ الرحمان اور حاجی گلبر خان کے حلقوں میں سنسنی خیز جوڑ

11:57 AM, 6 Jun, 2026

گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات میں نامور سیاسی خاندانوں، سابق حکمرانوں اور موجودہ عہدیداروں کے درمیان براہِ راست ٹکراؤ کے باعث انتخابی دنگل فائنل راؤنڈ میں داخل ہو گیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس بار کئی حلقوں میں تاریخی مقابلے دیکھنے کو ملیں گے کیونکہ میدان میں 2 سابق وزرائے اعلیٰ، ایک سابق گورنر، موجودہ گورنر کے صاحبزادے اور ایک سابق وزیراعلیٰ کی والدہ آمنے سامنے آ چکے ہیں۔

سب سے دلچسپ معرکہ سابق گورنر راجا جلال حسین مقپون اور موجودہ گورنر سید مہدی شاہ کے بیٹے توقیر مہدی شاہ کے درمیان لڑا جا رہا ہے، جہاں گورنر ہاؤس کے سابق اور موجودہ اثر و رسوخ کا کڑا امتحان ہوگا۔

دوسری جانب ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کا ٹکراؤ پیپلز پارٹی کے جمیل احمد سے ہوگا، جسے روایتی حریفوں کا بڑا جوڑ کہا جا رہا ہے۔ اسی طرح سابق وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان کو چار طرفہ چیلنج کا سامنا ہے، جہاں ن لیگ کے ملک کفایت، پی پی پی کی صوبیہ جبین اور آزاد امیدوار ایوب قریشی ان کا راستہ روکنے کے لیے میدان میں موجود ہیں۔

ادھر سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کی والدہ شاہدہ خورشید کی انتخابی میدان میں آمد نے مقابلے کو مزید گرما دیا ہے۔ ان کا مسلم لیگ (ن) کے فرمان علی اور پیپلز پارٹی کے میجر فہد حنیف خان سے کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، جس نے اس حلقے کے سیاسی درجہ حرارت کو انتہا پر پہنچا دیا ہے۔

مزیدخبریں