ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے صحت عامہ کے خدشات کے پیش نظر تین افریقی ممالک کے شہریوں کے لیے نئے ویزوں کے اجرا کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امارات کی نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی کی جانب سے اس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے تمام نئی ویزا درخواستوں، بشمول وزٹ ویزوں کی منظوری روک دی گئی ہے۔ اسی طرح ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے متحدہ عرب امارات میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، چاہے وہ کسی تیسرے ملک سے ٹرانزٹ کے ذریعے سفر کر رہے ہوں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ ایبولا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرے کے باعث احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ ملک میں صحت عامہ کو محفوظ رکھا جا سکے۔
تاہم واضح کیا گیا ہے کہ وہ مسافر جو امارات پہنچنے سے قبل مذکورہ ممالک سے کم از کم 21 دن کسی دوسرے ملک میں مقیم رہے ہوں گے، انہیں اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، بشرطیکہ وہ تمام مقررہ شرائط پر پورا اتریں۔
یہ اقدامات 6 جون 2026 کو دوپہر ایک بجے سے نافذ العمل ہوں گے، اور صورتحال کے مطابق ان میں رد و بدل یا توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندیوں کے باوجود کارگو فلائٹس اور سامان کی ترسیل کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہے گا جبکہ ٹرانزٹ پروازوں پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی تاکہ بین الاقوامی تجارتی و فضائی سرگرمیوں میں خلل نہ آئے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ افریقی خطے میں ایبولا سے متعلق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عالمی ادارہ صحت سمیت متعلقہ ادارے اس پر قریبی نگرانی کر رہے ہیں۔