کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ نے گزشتہ ہفتے وہ کارنامہ انجام دیا جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک خوشگوار حیرت بن گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس پہلی مرتبہ 1 لاکھ 22 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 1,22,281 تک جا پہنچا، اور ہفتے کا اختتام بھی تاریخ کی بلند ترین بندش یعنی 1,21,798 پوائنٹس پر ہوا۔
مارکیٹ کی شاندار کارکردگی صرف پوائنٹس کی حد تک محدود نہ رہی۔ ایک ہفتے میں انڈیکس میں 1,949 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جب کہ 2.64 ارب شیئرز کے سودے 111 ارب روپے سے زائد مالیت میں مکمل ہوئے۔
کاروباری برادری اور سرمایہ کار حلقوں کے مطابق، معاشی اشاریے بہتر ہونے، سیاسی ماحول میں بہتری اور بجٹ سے وابستہ توقعات نے سرمایہ کاری کا رجحان بڑھا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی مجموعی قدر 255 ارب روپے کے اضافے سے 14,729 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔