اسلام آباد: جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد دفتر خارجہ پاکستان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر کی گئی یہ بمباری نہ صرف 24 نومبر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے خطے میں پائیدار امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات بے گناہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ کو مزید عدم استحکام کی طرف لے جا سکتے ہیں۔
پاکستان نے بین الاقوامی برادری سے فوری مداخلت اور اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے لبنانی عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی انصاف اور امن کے اصولوں پر ہمیشہ ڈٹا رہے گا۔