عید کے دنوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

11:48 AM, 6 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ ماہرین کے مطابق 7 جون سے 12 جون تک درجہ حرارت معمول سے خاصا زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں یہ اضافہ 4 سے 6 ڈگری تک ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 7 جون سے ملک پر ہوا کے زیادہ دباؤ کا اثر پڑے گا، جو گرمی کی شدت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

دوسری جانب، پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے ممکنہ طور پر ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔

عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں