عیدالاضحیٰ پر سکیورٹی کے سخت اقدامات، وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبہ بھر میں فول پروف انتظامات کا حکم

11:32 AM, 6 Jun, 2025

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی، ٹریفک اور عوامی سہولتوں کے حوالے سے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو چوکنا رہنے اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور، ملتان سمیت تمام بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، منڈیوں کے اندر اور باہر سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ٹریفک کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے۔

مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بین الاضلاعی اور شہری بسوں پر کرایہ نامے اور فٹنس سرٹیفکیٹ نمایاں طور پر چسپاں کیے جائیں، جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے لائیوسٹاک محکمے کو ہدایت دی کہ مویشی منڈیوں میں ان کی موجودگی یقینی ہو تاکہ جانوروں کی صحت، قیمتوں اور معیار پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انتظامی افسران اور پولیس کو فیلڈ میں موجود رہنے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام انتظامی سطحوں  صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل  پر انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور اس حوالے سے باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو مکمل تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں