سندھ طاس معاہدے پر کسی بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، عظمیٰ بخاری 

06:00 PM, 6 Jul, 2026

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر سکتی ہے، لیکن یہ اس کی سنگین غلط فہمی ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارتی حکومت یہ بھی سمجھتی ہے کہ اس کی کوئی باز پرس نہیں کرے گا، حالانکہ پاکستان ماضی میں بھی بھارت کی متعدد غلط فہمیاں دور کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور ان کے حامیوں کو یہ حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی زراعت، معیشت اور بقا کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس کے پانی سے متعلق کسی بھی قسم کی جارحیت یا رکاوٹ کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ملک کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں